subscribe to the RSS Feed

Wednesday, February 8, 2012

این ای ڈی کنوینشن ۲۰۰۷، سان ہوزے، کیلی فورنیا

Posted by Cemendtaur on September 7, 2007

میری مادر علمی جامعہ این ای ڈی نے اپنے بچے پوری دنیا میں پھیلا دیے ہیں۔ ہم اس ماں کے چاہنے والے بہت سے بیٹے اور بیٹیاں یہاں شمالی امریکہ میں بھی موجود ہیں۔ دو برس پہلے یہ سلسلہ شروع ہوا ہے کہ جامعہ این ای ڈی سے تعلیم حاصل کرنے والے لوگ سال میں ایک دفعہ شمالی امریکہ میں کسی ایک جگہ جمع ہوتے ہیں۔ این ای ڈی کنوینشن ۲۰۰۵ اور ۲۰۰۶ کامیابی سے منعقد کیے چکے ہیں اور اب تیسرے کنوینشن کی تیاریاں زوروں پہ ہیں۔ اس سال کا این ای ڈی کنوینشن سان ہوزے، کیلی فورنیا میں ستمبر ۸ بروز ہفتہ منعقد کیا جائے گا۔ اس کنوینشن میں شمالی امریکہ میں بسنے والے این ای ڈی کے طلبہ تو شریک ہوں گے ہی، کچھ لوگ پاکستان سےخصوصی طور پہ اس پروگرام کے لیے یہاں آرہے ہیں۔۔

 

اور اس کنوینشن میں شرکت کے لیے این ای ڈی سے فارغ التحصیلی شرط نہیں ہے۔ کہ جامعات صرف اپنے طلبہ کو متاثر نہیں کرتیں بلکہ اطراف میں موجود پورے معاشرے پہ اپنا اثر چھوڑتی ہیں۔ دوسری جامعات کی طرح این ای ڈی نے بھی صرف چند لاکھ طلبہ کو یا اپنے شہر کو متاثر نہیں کیا ہے بلکہ پورے ملک پہ کسی نہ کسی طور پہ اپنا اثر دکھایا ہے۔یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ این ای ڈی کے اثر کا یہ دائرہ کراچی سے باہر کی طرف پھیلتا ہے اور پوری دنیا پہ محیط ہے۔ سان فرانسسکو بے ایریا کی پاکستانی آبادی اور بالخصوص سماجی طور پہ متحرک شخصیات سے توقع ہے کہ وہ اس کنوینشن میں شرکت کر کے این ای ڈی المنائی ایسوسی ایشن سے یکجہتی کا اظہار کریں گی۔

 

اور اگر آپ کا تعلق جامعہ این ای ڈی سے رہا ہے تو سال میں ایک دفعہ منعقد ہونے والے اس پروگرام میں آپ کی شرکت بہت ضروری ہے۔ کیونکہ دراصل یہ کنوینشن این ای ڈی کا جشن ہے، یادوں کے دریچے جھانکنے کا، اس درس گاہ سے وابستگی کے ہزار افسانے سنانے کا دن ہے۔ یہ پرانے لوگوں سے مل بیٹھنے کا ایک بہانہ ہے۔ اپنی بےحد مصروف زندگیوں میں تھوڑا سا رک کر ایک دن ان لوگوں کے ساتھ بتانے کا موقع ہے جن کے ساتھ ہم نے عمر کا ایک خاص حصہ گزارا تھا۔

 

این ای ڈی کنوینشن ۲۰۰۷، شرکا کے لیے معلومات کا ایک خزانہ ثابت ہوگا۔ آپ کو این ای ڈی سے فارغ التحصیل ہونے والے، اپنے اپنے شعبوں میں سرخ رو ہونے والے، اور اپنی مادر علمی کا نام روشن کرنے والے بہت سے لوگوں کے خیالات سننے اور ان کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ پرویز ہودبھائی پاکستان کے مایہ ناز دانشور ہیں۔ شام کی محفل میں آپ ان کی پرمغز گفتگو سنیں گے۔ اور پھر رات کے کھانے کے بعد ممتاز مزاح نگار شازیہ مرزا مزاحیہ خاکے پیش کریں گی۔

 

ستمبر ۸ کے کنوینشن میں لوگ مختلف مقاصد کےتحت شرکت کریں گے۔ کچھ تقریروں سے بہرہ مند ہونا چاہیں گے، کچھ کاروبار کی بڑھوتری کے لیے ہم خیال و ہم شعبہ لوگوں سے ملنے آئیں گے، اور کچھ یوں ہی پرانے چہروں کی تلاش میں آئیں گے۔ پھر بعض این ای ڈی کے بچے ایسے بھی ہوں گے جن کے لیے بس اتنا کافی ہے کہ مادر علمی سے وابستہ ایک تنظیم نے انہیں پکارا ہے۔ ان کا نعرہ لبیک ہے کہ،

تیرے بیٹے، تیرے جانباز چلے آتے ہیں۔

 

Comments

One Response to “این ای ڈی کنوینشن ۲۰۰۷، سان ہوزے، کیلی فورنیا”
  1. Ehsan ullah Khan says:

    can we circulate the date for next years convention in advance. I could not fly to SJC because i found about it a week before the convention andby that the tickets had become very expensive.

    Can the video of the convention be made available on the website for those who could not come

Leave a comment, and if you'd like your own picture to show up next to your comments, go get a gravatar!

You must be logged in to post a comment.

home | top